ہندوستان کی قومی ائیر لائن 125 ’موٹاپے کے شکار‘ کیبن کریو ارکان کو فارغ کرنے جا رہی ہے۔
ائیر انڈیا کے ایک افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ سول ایوی ایشن کی گزشتہ سال جاری ہونے والی ایک دستاویز کی بنیاد پر حکم جاری کر دیا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ ائیر لائن نے گزشتہ سال اپنے 600 کریو ارکان کو خبر دار کیا تھا کہ وہ وزن گھٹائیں لیکن ان میں سے 125 تاحال مطلوبہ وزن پانے میں ناکام رہے ہیں۔
ائیر لائن کا کہنا ہے کہ مسئلہ زیادہ وزن نہیں بلکہ ’فٹنس‘ ہے۔
ائیر لائن حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ تجویز در اصل ایک تشویش ہے کہ ’ان فٹ‘ کریو ہنگامی صورتحال میں مستعدی سے کام کرنے کا اہل نہیں ہے۔
ایوی ایشن ماہر کپل کول کے مطابق، فربہ کریو کبین اس بات کا اشارہ ہے کہ ائیر لائن فٹ نہیں۔’آپ کو ائیر لائن کا اچھا تاثر بنانے کیلئے سمارٹ، دوستانہ اور مستعد کریو کی ضرورت ہوتی ہے‘۔
تاہم، نیشنل یونین کے رہنما تپن سین نے کہا ہے کہ سروسز رولز میں کہیں بھی کیبن کریو کیلئے وزن کے حوالے سے پابندیاں موجود نہیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں جب انڈیا نے موٹاپے کے مسئلہ پر عملہ کو گراؤنڈ کیا ہے۔ اس سے پہلے 2009 میں ائیر لائن نے نو خواتین ہوسٹسز کو موٹاپے کی وجہ سے برخاست کر دیا تھا۔
2004 میں ائیر انڈیا اس وقت تنازع کی وجہ بن گئی تھی جب اس نے کہا تھا کہ ممکنہ ہوائی میزبانوں کے چہروں پر کوئی بڑا نشان، داغ وغیرہ نہیں ہونا چاہیے۔