دبئی۔ پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ وہ شادی کے بعد بھی فلموں میں کام کریں گی، لیکن سسر جی کو اپنی بہو کے فلموں میں کام کرنے پر اعتراض ہے، اپنی بہو وینا کے فلم کے کام کرنے کے اصرار پر ان کے سسر نے کہا ہے کہ وہ انہیں پیار سے سمجھائیں گے۔واضح رہے بے باک اداکاری کے لیے شہرت رکھنے والی پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے دبئی میں ایک پاکستانی کاروباری شخصیت سے شادی کر لی ہے۔اس شادی کی تصدیق انھوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کی۔وینا نے اپنے شوہر کے ساتھ شادی کی انگوٹھیوں کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اپنا ’سول میٹ‘ یا ساتھی مل گیا ہے جو کہ میرا پارٹنر بھی ہے اور دوست بھی۔پاکستان کے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وینا نے بتایا کہ یہ شادی پچیس دسمبر کو دبئی کی ایک عدالت میں سرانجام پائی ہے اور ان کے شوہر اسد بشیر خان ایک کاروباری شخصیت ہیں اور ان کے والد کے دوست کے بیٹے ہیں۔وینا ملک کا کہنا تھا کہ یہ شادی دونوں خاندانوں کی مرضی سے سرانجام پائی ہے۔انھوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ خود کو دنیا کی سب سے خوش قسمت لڑکی تصور کر رہی ہیں۔خیال رہے کہ وینا ملک کا نام ماضی میں پاکستانی کرکٹر محمد آصف اور بھارتی اداکار اشمت پٹیل کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا ہے لیکن وہ کہتی رہی تھیں کہ فی الحال ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔وینا ملک اپنے مبینہ ’افیئرز‘ کے علاوہ بھارتی فلموں اور ٹی وی پروگرام میں اپنی بیباک اداکاری اور ایک میگزین کے لیے عریاں فوٹو شوٹ کی وجہ سے بھی خبروں میں رہی ہیں۔