نئی دہلی:دہلی حکومت نے ڈینگو سے متاثر سات سالہ اویناش راوت کا علاج کرنے سے مبینہ طورپر منع کرنے کے معاملے میں پانچ پرائیویٹ اسپتالوں کے خلاف عدالتی تحتقیقات کی ہدایت دی گئی ہے ۔راوت کی بعد میں موت ہوگئی تھی جس سے غمزدہ ہوکر اس کے والدین نے گھر کی چھت سے کودکر خودکشی کرلی تھی۔نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے آج بتایا کہ اس معاملے کی جوڈیشیل انکوائری کی ہدایت دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہلی کے ڈویزنل کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقامی سب ڈویزنل مجسٹریٹ کو جانچ کے لئے مقرر کریں اور سات دنوں کے اندر سرکار کو اس معاملے کی رپورٹ پیش کریں۔محکمہ صحت کے ڈائرکٹر جنرل جنوبی دہلی کے پانچ پرائیویٹ اسپتالوں مول چند، خیراتی رام اسپتال، میکس سوپر اسپیشلٹی اسپتال(ساکیت)، آکاش آروگیہ مندر (مالویہ نگر) ، ساکیت سٹی اسپتال اور آئرن اسپتال کالکا جی کو پہلے ہی وجہ بتا¶ نوٹس جاری کیاجا چکا ہے ۔مسٹر سسودیا نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ دہلی کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں کو یہ ہدایت دی جائے کہ وہ بستروں کی دستیابی کی کمی کے سبب ڈینگو کے مریض کو داخل کرنے سے منع نہ کریں۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ جانچ میں اسپتالوں کی ذمہ داری طے کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی تدابیر کی جانی چاہئیں تاکہ اس طرح کے دردناک حادثوں سے بچا جاسکے ۔