نئی دہلی:حکومت نے شمال مشرق کے ناگا باغی تنظیم نیشنل سوشلسٹ کاونسل آف ناگالینڈ کے کھاپلانگ گروپ (این ایس سی این ۔ کے ) کو غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پانچ سال کے لئے پابندی لگادی ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس ضمن کی تجویز کو منظوری دی گئی ۔ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے نامہ نگاروں کو تبایا کہ این ایس سی این ۔کے پر یہ پابندی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون 1967 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ تنظیم کے خلاف ثبوتوں اور حالات کی بنیاد پر کیا ہے ۔ اس تنظیم کے کئی پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام ہیں۔ اس کے علاوہ اس نے چار جون کو منی پور میں فوج کے قافلے پر گھات لگاکر حملہ کرنے کی ذمہ داری لی تھی۔ اس میں 18جوان مارے گئے تھے اور گیارہ دیگر زخمی ہوئے تھے ۔خیال رہے کہ این ایس سی این نے گذشتہ مارچ میں ہی حکومت کے ساتھ طویل عرصے سے جاری جنگ بندی ختم کر دی تھی ۔ اس کے بعد حکومت نے شمال مشرق میں قیام امن کی کوشش کے تحت این ایس سی این کے ، آئی ایم گروپ کے ساتھ ایک جامع امن معاہدے پر دستخط کئے تھے ۔