ڈھاکا: بنگلہ دیشی اسٹارز بھی پاکستان سپر لیگ میں جلوہ گرہونے کو تیار ہیں، شکیب الحسن اور تمیم اقبال نے ایونٹ میں جلوہ گر ہونے کی خواہش ظاہر کر دی، ان کا کہنا ہے کہ اگر ڈیل ہوگئی تو بورڈ سے این او سی بھی حاصل کر لیں گے۔ زمبابوے سے سیریز کے باعث دونوں کھلاڑیوں کی خدمات چند میچز کیلئے ہی دستیاب ہو سکیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد 4 سے 25 فروری کے دوران قطر میں متوقع ہے، اس میں 25 کے قریب غیرملکی پلیئرز کی شرکت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹرز شکیب الحسن اور تمیم اقبال بھی جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔ شکیب نے کہاکہ اگر میں دستیاب ہوا تو ضرور ایونٹ میں حصہ لینا چاہوں گا، اگر کوئی ٹیم مجھے منتخب کرے اور قومی ذمہ داریاں متاثر نہیں ہوتیں تو مجھے پی ایس ایل کھیل کر خوشی ہوگی۔
البتہ فی الحال اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ تمیم اقبال نے کہا کہ اگر بورڈ اجازت دے تو مجھے پی ایس ایل کھیلنے میں کوئی بھی مسئلہ نہیں ہوگا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایسے کسی بھی ایونٹ سے ہماری قومی ذمہ داریاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔ اگر مجھے موقع ملا تواین او سی کیلئے بی سی بی سے درخواست کروں گا۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کا کہنا ہے کہ ہم سے پی ایس ایل کے حوالے سے پاکستانی بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، ہم ایسا ہونے پر ہی کچھ کہہ سکیں گے۔