ماہرین کا کہنا ہے کہ پھلوں کا استعمال نہ صرف ہماری صحت کے لئے بہت ضروری ہے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر اگر پھلوں کو اپنی غذا کا حصہ بنالیں تو بے شمار بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ناشپاتی کا شمار بھی ایسے ہی پھلوں میں ہوتا ہے جو اپنے اندر بے شمار غذائیت چھپائے ہوئے ہیں اور اس کا استعمال ہمیں نہ صرف بہت سی بیماریوں سے بچاتا ہے بلکہ صحت مند زندگی بھی فراہم کرتا ہے۔
ناشپاتی کا استعمال دل کے امراض کے علاج کے لئے انتہائی مفید جانا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود فائبر ہمارے جسم کولیسٹرول کے لیول کو کم کرتا ہے اور دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے لہذا روز ناشپاتی کھایئے اور دل کے دورے کے خطرات کو کم کیجئے۔ماہرین کے مطابق ناشپاتی میں قدرت نے ایسے اجزا پوشیدہ کیے ہیں کہ جو کہ سرطان جیسے موذی مرض سے بچا میں انتہائی معاون ثابت ہوتے ہیں اور سرطان کے پیدا کرنے والے کیمیکلز کو جسم سے صاف کردیتے ہیں۔روزانہ ناسپاتی کا استعمال خواتین کو چھاتی کے سرطان سے بھی بچاتا ہے۔ماہرین کے مطابق بہت سے افراد چٹ پٹے کھانوں کے نہایت شوقین ہوتے ہیں اور کھانے کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرتے لہذا ایسے افراد کو زیادہ تر پیٹ کے مسائل کا سامنا رہتا ہے اور ناشپاتی کا استعمال نظام ہاضمہ کے لئے بھی انتہائی مفید ہے۔اس میں موجود فائبر کی ایک خصوصی مقدار نظام ہضم کو درست رکھتی ہے۔