ممبئی: بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون نے 30 سیکنڈ کے اشتہار میں کام کرنے کے لیے 5 کروڑ 50 لاکھ معاوضہ وصول کرلیا۔ بالی ووڈ میں سب سے زیادہ کمائی اور نمبر ایک اداکارہ کے لیے سرد جنگ ہمیشہ سے ہی جاری رہی ہے جس کے باعث اداکاراوں کے آپس میں تعلقات بھی کشیدہ رہے ہیں جس کی وجہ سے فلم نگری کی کئی اداکاراوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے سے انکار تک کیا ہے جب کہ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اور دپیکا پڈوکون کے درمیان بھی انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کے لیے سرد جنگ جاری ہے۔ بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں ایسے میں اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بھی اپنے حسن کا جلوہ دکھا کر نجی بینک سے بھاری معاوضہ حاصل کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈو کون نجی بینک کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں جس کے 30 سیکنڈ کے اشتہار کے لیے انہوں نے ساڑھے 5 کروڑ روپے وصول کر لیے جب کہ انہوں نے اپنے معاوضے میں ڈھائی کروڑ کا اضافہ کیا۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک فلم کا معاوضہ 11 کروڑ روپے وصول کیا تھا۔