ممبئی: امریکہ میں فی الحال سود کی شرح نہ بڑھنے سے حوصلہ پاکر سرمایہ کاروں کی چوطرفہ خرید سے آج ابتدائی کاروبار میں بی ایس ای کے سینسکس نے 470 پوائنٹ اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے نفٹی نے 143 پوائنٹ کی چھلانگ لگائی۔ ابتدائی کاروبار میں منفی انداز میں کھلنے کے کچھ ہی دیر بعد ہی بی ایس ای کا 30 شیئروں والا اشاریہ سینسکس 469 اعشاریہ 99 پوائنٹ کی اچھال کے ساتھ دوپہر سے قبل ہی 26 ہزار پوائنٹ کی سطح کے پار 26433 اعشاریہ 96 پوائنٹ تک اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 143 اعشاریہ 35 پوائنٹ کی مضبوطی کے ساتھ 7800 پوائنٹ کے اوپر 7899 اعشاریہ 15 پوائنٹ تک پہنچ گیا۔
امریکی فیڈرل ریزرو نے جمعرات کو ختم ہوئی دو رووزہ میٹنگ کے بعد عالمی مالی پالیسی سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پیدا ہوئی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ابھی سود کی شرحوںمیں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حالانکہ اس نے اس سال کے اواخر سے پہلے سود شرحوں میں اضافہ کی شروعات سے اب بھی انکار نہیں کیا ۔