واشنگٹن — عالمی ادارہ ِ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کینسر کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ 2012ء میں دنیا بھر میں کینسر کے مریضوں کی تعداد 14.1 ملین تھی جبکہ 2008ء میں یہ تعداد 12.7 ملین تھی۔
دنیا بھر کے اس حالیہ جائزے میں 184 ممالک میں 28 مختلف کینسر کے مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔
2012ء میں کینسر کے ہاتھوں موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 8.2 ملین تھی جبکہ 2008ء میں یہ تعداد 7.6 ملین تھی۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کینسر میں مبتلا مریضوں کی اکثریت پھیپھڑوں، جگر اور پیٹ کے کینسر کا شکار تھی۔
عالمی ادارہ ِ صحت میں کینسر سے متعلق تحقیق کے ذیلی ادارے IARC کے مطابق 2025ء تک دنیا بھر میں کینسر کے مریضوں کی سالانہ تعداد 19.3 ملین تک بڑھ جانے کا اندیشہ ہے۔ ماہرین کے مطابق کینسر کے بڑھتے مریضوں کی ایک وجہ عالمی سطح پر آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں معمر افراد کے بڑھتی تعداد بھی ہے۔
عالمی ادارہ ِ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کینسر کے 56.8٪ کیسز جبکہ کینسر کے ہاتھوں ہونے والی 64.9٪ اموات ترقی پذیر ممالک میں ہوئیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ترقی پذیر ممالک میں 2025ء تک کینسر کی شرح میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔
رپورٹ بتاتی ہے کہ دنیا بھر میں خواتین میں چھاتی کے سرطان میں بھی بے پناہ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ ِ صحت کے مطابق 2012ء میں دنیا بھر میں 1.7 ملین خواتین میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی۔
2008ء میں خواتین میں چھاتی کے سرطان کے اعداد و شمار کے بعد سے اب تک عالمی سطح پر خواتین میں چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہونے کے امکانات میں 20٪ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جبکہ اس مرض کے ہاتھوں خواتین میں موت کی شرح 14٪ تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خواتین میں چھاتی کے کینسر کے ہاتھوں ہلاک ہونے کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اس وقت دنیا بھر میں کینسر میں مبتلا ہر چار میں سے ایک خاتون چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہے۔