کراچی: کرس گیل اور کیرون پولارڈ کے بعد ایک اور جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
اگلے سال قطر میں منعقد ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں دنیا بھر کے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ ایکشن میں نظر آئیں گے اورویسٹ انڈیز کے کرس گیل، ڈیرن سیمی، کیرون پولارڈ، ڈیوین براوو اور سنیل نارائن کی شمولیت کے بعد اب آل راؤنڈر آندرے رسل نے بھی لیگ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
رسل کے علاوہ بقیہ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے لیگ کیئے دستاویزات پر دستخط بھی کر دیے ہیں اور جلد آندرے رسل بھی کاغذی کارروائی مکمل کر لیں گے۔
ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے علاوہ انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ بلے باز اور دھواں دار بیٹنگ کیلے شہرت رکھنے والے کیون پیٹرسن اور حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے سری لنکن کمار سنگاکارا بھی لیگ کی ریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ لیوک رائٹ اور روی بوپارہ، بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن، جنوبی افریقہ کے یوہان بوتھا اور لونوابے سوٹسوبے اور کیوی بلے باز جیسی رائیڈر ایونٹ کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کر چکے ہیں.
پی ایس ایل آفیشلز لیگ کو مزید سنسنی خیز بنانے کیلئے آسٹریلیا اور نیوزلینڈ سے گلین میکسویل اور کیوی کپتان برینڈن میک کولم جیسے کھلاڑیوں کو بھی شامل کرنے کا خواہاں ہے اور ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ان سے بات چیت جاری ہے۔
آئندہ سال فروری میں ہونے والے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کیلئے لوگو اتوار کو لاہور میں باقاعدہ لانچ کیا جائے گا۔