سونی نے ایک سال قبل اپنے ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹ کی جھلک پیش کی تھی جس کا کوڈ نیم پراجیکٹ مورفیس رکھا گیا تھا اور اب اسے آفیشل نام دے دیا گیا ہے۔
اس ڈیوائس کا نام سونی نے پلے اسٹیشن وی آر رکھا ہے۔
1080p ایچ ڈی ریزولوشن اور 90 ڈگری ویو کے ساتھ اس کے ہیڈ سیٹ میں ایسے سنسر بھی نصب ہیں جو سر کی حرکت کو ٹریک کرتے ہیں۔
سونی نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ اس رئیلٹی ہیڈ سیٹ کو 2016 کی پہلی ششماہی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
سونی نے اس ڈیوائس کو گزشتہ برس گیم ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر متعارف کرایا تھا اور اب اس کا عملی مظاہرہ رواں ہفتے ٹوکیو گیم شو کے دوران کیا۔
سونی کمپیوٹر انٹرٹینمنٹ ورلڈ وائیڈ اسٹوڈیوز کے صدر شوہی یوشیدا نے بتایا کہ ان کی کمپنی اس ٹیکنالوجی پر تین برس سے کام کررہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس ڈیوائس کو حتمی شکل نہیں دی گئی بلکہ اس کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے مگر ہمیں یقین ہے کہ یہ پلے اسٹیشن کے لیے بہت زبردست ثابت ہوگی۔
اس میں ایک اسکرین موجود ہے جو پیچھے کی جانب سلائیڈ ہوتی ہے اور چشمہ پہننے والے افراد کو مدد فراہم کرتی ہے۔
سونی کی اس ڈیوائس میں ایک 5.7 انچ کی او ایل ای ڈی اسکرین ہے جو سو ڈگری اینگل کا ویو دکھاتی ہے جبکہ اس کے ہیڈ سیٹ میں نو ایل ای ڈی لائٹس ہیں جو حرکت کو ٹریک کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔