ویسے تو دوپہر کی نیند یا قیلولے کے بے شمار فوائد ہیں مگر اس وقت بہت زیادہ دیر تک سونا ذیابیطس کا شکار بنا سکتا ہے۔
یہ انتباہ جاپان میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
ٹوکیو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق دن کے وقت ایک گھنٹے یا اس سے زائد وقت سونا ذیابیطس کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں یہ تحقیق سامنے آچکی ہے کہ دوپہر کو قیلولہ صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ لوگوں کی زندگی کا دورانیہ بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔
تاہم اس نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت بہت زیادہ دیر تک سونے کو عادت بنالینا فائدے کی بجائے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
محققین اس حوالے سے پراعتماد نہیں کہ دوپہر کی نیند ذیابیطس کا خطرہ بڑھاتی ہے یا اٹھنے کے بعد غنودگی کی کیفیت کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران ماضی کی دو سو سے زائد تحقیقی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ دن کے وقت بہت زیادہ غنودگی سے ذیابیطس کا شکار ہونے کا خطرہ 56 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ دن میں ایک گھنٹہ یا اس سے زیادہ وقت تک سونا ذیابیطس جیسے مرض کا خطرہ بڑھاتا ہے جبکہ کم دورانیہ صحت کے لیے فائدے مند ثابت ہوتا ہے۔
اس تحقیق کو سوئیڈن کے دارالحکومت میں یورپین ایسوسی ایشن کی ذیابیطس کے حوالے سے ہونے والی سالانہ کانفرنس میں پیش کیا گیا۔