احمد آباد: گجرات کے شہرسورت میں آج پاٹ¸ دار انامت آندولن سمیتی کے کنوینر ہاردک پٹیل اور ان کے حامیوں کو حراست میں لیے جانے کے بعد پورے ضلع میں دوپہر 12 بجے سے 24 گھنٹے کے لئے موبائل انٹرنیٹ خدمات کو بند کر دیا گیا ہے ۔ پولیس کمشنر راکیش استھانا نے یو این آئی کو بتایا کہ یہ قدم سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے والوں پر لگام کسنے کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پٹیل کی 25 اگست کو احمد آباد میں مختصر گرفتاری کے بعد پھیلے ریاست گیر تشدد، جس میں 10 لوگوں کی موت ہوئی تھی، کے دوران بھی ایک ہفتے سے زیادہ وقت تک پوری ریاست میں موبائل انٹرنیٹ پر روک لگائی گئی تھی۔ ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ میں دائر حلف نامے میں بھی کہا تھا کہ ہاردک اور ان کے ساتھیوں کے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ اور اشتعال انگیز تقریر کی وجہ سے اس وقت تشدد پھیلا تھا۔