کانگریس پارٹی کے رہنما حکومت پر کسانوں کے مسائل کو درگزر کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں
بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی حکومت کسانوں سے صرف ان کی زمین نہیں چھین رہی بلکہ کسانوں سے ان کی ماں چھین رہی ہے۔
راہول گاندھی کے مطابق کاشتکاروں کے لیے ان کی زمین ان کی ماں کی طرح ہوتی ہے۔
اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس پارٹی کی ’کسان مزدو سمّان‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مودی کی حکومت پر جم کر تنقید کی۔
اس ریلی میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، نائب صدر راہل گاندھی، اجے ماکن، گلام نبی آزاد، ملک ارجن کھڑگے جیسے پارٹی کے کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔
راہول گاندھی نے میدان میں جمع ہوئے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ہر کسی کی ایک ماں ہوتی ہے۔ مگر کسان کی دو مائیں ہوتی ہیں اور وزیر اعظم کسانوں کی ماں چھین رہے ہیں۔‘
انھوں نے یہ بھی کہا کہ زمین کو حاصل کرنے سے متعلق بل مودی کی حکومت کی جانب سے واپس لیا جانا ایک طرح سے کسانوں کی جیت ہے۔
کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کسان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر شدید نکتہ چینی کی
راہل گاندھی نے نریندر مودی کے نعرے ’میک ان انڈیا‘ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں اس کا نام ’ٹیک ان انڈیا ہونا چاہیے۔‘ ان کہنا تھا کہ مودی کی حکومت کچھ بنا نہیں رہی ہے بلکہ لوگوں سے ان کی چیزیں چھین رہی ہے۔
راہل کے بعد سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی کسانوں سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت سماجی فلاح کے لیے چلائي گئی منریگا اور فوڈ سیکورٹی جیسی سکیموں کمزور کر رہی ہے۔
اس کے بعد کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کسان ریلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی ملک کے کسانوں کو کمزور سمجھتے ہیں۔
سونیا گاندھی کہتی ہیں ’جب سے مودی کی حکومت آئی ہے اس وقت سے مزدوروں اور کسانوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں کہیں خشک سالی ہے تو کہیں سیلاب کی مارا ماری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ کسانوں کا ہل اور ہاتھ کی طاقت کے ایک ساتھ آئیں اور مسائل کو حل کریں۔