جگموہن ڈالمیا 1997 سے 2000 تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر بھی رہ چکے تھے
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سربراہ جگموہن ڈالمیا کولکتہ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
75 سالہ ڈالمیا کو جمعرات کو دل کی تکلیف کے بعد بی ایم برلا ہارٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ لایا گیا تھا جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرِ علاج تھے۔
گذشتہ کئی ماہ سے ان کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن بی سی سی آئی نے کبھی بھی اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔
مارچ 2015 میں بی سی سی آئی کے صدر کا عہدہ سنبھالنے والے جگموہن ڈالمیا کئی مہینوں سے ملاقاتوں اور فعال کام کاج سے دور تھے
وہ رواں برس 11 سال بعد دوبارہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنے تھے۔
ان کی واپسی بی سی سی آئی میں رواں برس ہونے والے دوبارہ انتخابات کے بعد ہوئی تھی جو سپریم کورٹ کے حکم پر آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن میں ہوئی مبینہ سٹے بازی اور سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں مدگل کمیٹی کی تحقیقات کے بعد کروائے گئے تھے۔
سچن تندولکر نے ڈالمیا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا
اس سے پہلے جگ موہن ڈالمیا سنہ 2001 سے 2004 تک بی سی سی آئی کے صدر رہے تھے جبکہ اس سے پہلے وہ 1997 سے تین سال کے لیے آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے تھے۔
مغربی بنگال میں کرکٹ کی انتظامیہ سے کئی عشروں تک وابستہ رہنے والے جگموہن ڈالمیا نے بی سی سی آئی میں 1979 میں ملازمت اختیار کی تھی اور 1987 میں پہلی بار برصغیر میں کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد کے سلسلے میں ان کی کوششوں کو سراہا جاتا ہے۔
ان کے انتقال کی خبر عام ہونے کے بعد ٹوئٹر پر انھیں کرکٹ کے کھلاڑیوں کے علاوہ مشہور سیاسی و سماجی شخصیات نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سابق کرکٹر سچن تندولکر نے ٹویٹ کی کہ ’جگموہن ڈالمیا کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت۔ میں جون میں ہی ان سے ملا تھا۔ تب میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ آخری ملاقات ہوگی۔ میں ان کے تعاون اور حوصلہ افزائی کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔‘
تندولکر نے یہ بھی کہا کہ ’انھوں نے کرکٹ کے لیے بہت محنت کی اور ایک بہترین منتظم بنے۔ انھوں نے ایڈن گارڈن میں میرے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے جو تیاریاں کیں اس نے میرے دل کو چھو لیا تھا۔ خدا جگموہن ڈالمیا کی روح کو سکون دے۔‘
مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے لکھا، ’جگموہن ڈالمیا کے انتقال پر دکھی ہوں۔ کھیل کے منتظمین کے درمیان ان کا مقام سب سے بلند تھا، وہ بنگال سے سچی محبت کرتے تھے۔‘