نئی دہلی:سرحد پر جنگ بند ی کی خلاف ورزی کے معاملے میں ہندوپاک کے فوجی افسران (برگیڈ کمانڈر سطح کے افسران)کے درمیان آج جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر کے چاکن دا باغ میں میٹنگ طے کی گئی ہے ۔یہ اطلاع وزارت دفاع نے آج یہاں دی۔وزارت دفاع کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے ڈائرکٹر جنرل ستانشو کار نے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر آج جاری پوسٹ میں بتایا کہ ہندوپاک کے برگیڈ کمانڈر سطح کے افسران کی میٹنگ آج جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر کے چاکن دا باغ میں منعقد کی جائے گی جس میں خاص طور پر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور سی ایف وی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس میٹنگ میں حالیہ دنوں میں سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے مدنظر بات کی جائے گی او ر اسے کم کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔فوج کے ایک اعلی افسر نے نام نہ شائع کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ میٹنگ صرف پونچھ سیکٹر پر ہونے والی سرحدی خلاف ورزیوں کی بابت ہورہی ہے اور اس میں پورے لائن آف کنٹرول کے حالات پر بات نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہورہی ہے جب کہ لائن آف کنٹرول پر کشید گی ہے ۔ پاکستان آئے دن جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔