لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کا سینئر بیٹسمین یونس خان سے اجنبیوں جیسا سلوک، لاہور میں ہونے والی سپرلیگ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی۔ پی سی بی کا سابق کپتان کے ساتھ سوتیلا پن، یونس خان کو سپرلیگ کی تقریب میں مدعونہیں کیا گیا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فاتح کپتان یونس خان، ایک مرتبہ پھر پی سی بی کے اعتاب کا شکار ہوگئے۔ پی ایس ایل کی لانچنگ تقریب میں کئی سابق اور موجودہ اسٹارز کو بلایا گیا، لیکن یونس خان تکتے ہی رہ گئے۔ یونس کے قریبی ذرائع کے مطابق پی سی بی ان کے حالیہ بیان سے خوش نہیں تھا، ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنانے والے کپتان کو شرکت کی دعوت نہ دینا، سراسر زیادتی ہے۔ دوسری جانب پی سی بی ترجمان کے مطابق یونس خان کو تقریب میں شرکت کیلئے مدعوکیا گیا تھا، لیکن وہ نہیں آئے۔