ممبئی:سی کے برلا گروپ کی کمپنی اورینٹ الیکٹرک نے آئندہ دوبرس میں تقریباً ۵۰کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایاہے ۔ تاکہ پنکھوںاور لائٹنگ کا سامان بنانے کی صلاحیت میں اضافہ کیاجاسکے ۔ کمپنی کے چیف کارگزار راکیش کھنا نے بتایاکہ حکومت کے ذریعہ اسمارٹ شہروں کی فہرست کے اعلان کے بعد ہمیں امید ہے کہ بجلی کی کم کھپت کرنے والی مصنوعات ، مثلاً پنکھوں اور ایل ای ڈی بلب کی طلب میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کی کم کھپت کرنے والے سامانوں کی تیاری بڑھانے کےلئے آئندہ دوبرسوںمیں تقریباً ۵۰ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کریں ۔
مسٹر کھنا نے کہاکہ شمالی ہند میں پنکھے بنانے کے پلانٹ پر تقریباً ۴۰ کروڑ روپئے کا سرمایہ لگایاجائے گا ۔ فی الحال اورینٹ فریدآباد کولکاتا کے کارخانوں سے ۱۳۰ لاکھ پنکھے تیارکرتی ہے ۔ نئے کارخانے سے ۵۰ لاکھ اکائی کی مزید تیاری کا منصوبہ ہے ۔ مسٹر کھنا کے مطابق کمپنی اب سی ایف ایل کے بجائے ایل ای ڈی پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہے۔ اور اس کی تیاری کو وسعت دینے کے لئے نئی مشنیں لانے کےلئے تقریباً دس کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔