دنیا بھر میں آئی فون اور آئی پیڈ استعمال کرنے والے ہزاروں صارفین کو خطرے کا سامنا ہے جس کی وجہ ہیکرز کی جانب سے نقصان دہ کوڈز آئی او ایس کے ایپ اسٹور میں داخل کردینا ہے۔
یہ ایپل کے مضبوط ترین ایپ اسٹور میں اب تک کا سب سے بدترین ہیکر حملہ ہے۔
اس سے قبل ایپ اسٹور میں اب تک صرف پانچ نقصان دہ اپلیکشن ہی سامنے آسکی تھیں۔
ایپل نے گزشتہ روز اس ہیکر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس نے متاثرہ آئی فون اور آئی پیڈ پروگرامز کو ہٹانا شروع کردیا ہے۔
یہ سفائی اس وقت شروع ہوئی جب متعدد سائبر سیکیورٹی کمپنیوں نے ایپل کے ایپ اسٹور کی سینکڑوں اپلیکیشنز میں ایک ہیکر پروگرام ایکس کوڈ گھوسٹ کو دریافت کیا۔
ایپل کے ترجمان کے مطابق ہم ایپ اسٹور سے اپلیکشنز کو ہٹا رہے ہیں اور ڈویلپرز کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ صارفین ایکس کوڈ کا ٹھیک ورژن اپنی اپلیکشنز میں استعمال کریں۔
خیال رہے کہ ایکس کوڈ وہ سافٹ ویئر ہے جو ایپل کی جانب سے آئی اویس اور میک اپلیکشنز کی تیاری کے لیے فراہم کیا جاتا ہے اور ہیکرز نے اسی کو ہدف بنایا تھا۔
تاہم ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ آئی فون اور آئی پیڈ صارفین کو اپنی ڈیوائسز میں اس وائرس کی موجودگی کا تعین کرنے کے لیے کیا کرنا چاہئے۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ متاثرہ اپلیکشنز میں وی چیٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔
ایک سیکیورٹی کمپنی کے مطابق اب تک 344 اپلیکشنز کو ایکس کوڈ گھوسٹ سے متاثر پایا گیا ہے تاہم ایپل نے اس حوالے سے کچھ بتانے سے انکار کیا ہے۔