سری نگر:جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک نے وادی میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے آج سری نگر میں اپنی ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال ملتوی کردی ۔ جے کے ایل ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سیول لائنز کی پرتاب پارک میں کی جانے والی ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال کو گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مسلسل بارشوں کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں گذشتہ دنوں ہوئی پراسرار ہلاکتوں کے خلاف مسٹر ملک اور دیگر پارٹی لیڈران آج پرتاب پارک میں ایک روزہ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والے تھے ۔ قابل ذکر ہے کہ فرنٹ چیرمین یاسین ملک نے 19 ستمبر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ‘دنیا کی توجہ اِن پراسرار ہلاکتوں کی جانب مبذول کرانے نیز اس کی بھرپور مذمت کرنے کیلئے میں اپنے دوسرے ساتھیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ہمراہ 22 ستمبر کو ایک روزہ احتجاجی علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھوں گا’۔انہوں نے کہا تھا کہ ‘ماضی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اس قسم کے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ اپنے مرکزی آفس مائسمہ پر لگاتی آئی ہے لیکن اس بار عید الاضحی کی مناسبت سے اور لوگوں نیز دکانداروں کو تکلیف سے بچانے کیلئے یہ احتجاجی کیمپ پرتاپ پارک میں لگایا جائے گا’۔