نئی دہلی، 28 دسمبر (یو این آئی)کانگریس نے آج واضح کیا ہیکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی بننے والی حکومت کو ان کے ممبران اسمبلی کی حمایت مشروط ہے اور جب تک یہ حکومت عوام کے لئے اچھے کام کرتی رہے گی تب تک یہ حمایت جاری رہے گی۔دہلی کے پارٹی انچارج اور جنرل سکریٹری شکیل احمد نے نامہ نگاروں سے کہاکہ بجلی، پانی سے لے کر متعدد مسئلوں پر کیجری وال حکومت کو قدم اٹھانے ہیں اور قومی قیادت کے فیصلے کو کانگریس کے ممبران اسمبلی تسلیم کرتے ہوئے اس سرکار کو حمایت کریں گے۔مسٹر احمد نے کہاکہ “ہم نے کبھی بھی یہ نہیں کہاکہ ہم بغیر شرط حمایت دے رہے ہیں۔ ہم سے اروند کیجری وال نے اپنے خط میں غیرشرط حمایت مانگی تھی لیکن ہم نے لفٹننٹ گورنر کو جو خط بھیجا اس میں صاف لکھا ہے کہ ہم اس حکومت کو باہر سے حمایت دیں گے۔ اس کا مطلب واضح ہے کہ ہم سرکار میں شامل نہیں ہوں گے”۔دہلی میں کانگریس کے آٹھ ممبران اسمبلی ہیں اور کیجری وال حکومت کے تعلق سے ان میں کافی اختلافات ہیں ۔ ممبران اسمبلی میں بھی عام آدمی پارٹی کو حمایت دینے پر کافی ناراضگی ہے۔ اس بارے میں مسٹر احمد نے کہا کہ“ہمارے ممبران اسمبلی قومی قیادت کے فیصلے پر عمل کریں گے۔ جب قومی قیادت اپنا فیصلہ تبدیل کرے گی توپ ہمارے ممبران اسمبلی اس پر عمل کریں گے”۔