نئے کھلاڑیوں کو وقت ملنا چاہیے :شین واٹسن
میلبورن۔کرکٹ کو الوداع کہہ چکے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے سلیکٹروں سے ٹیسٹ ٹیم کی کامیابی کیلئے نئے چہروں کو وافر وقت دیئے جانے کی اپیل کی ہے ۔59 ٹیسٹ میچوں میں کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے واٹسن نے کہانئے کھلاڑیوں کو ان کا ہنر ثابت کرنے کے لئے مواقع دیئے جانے چاہئیں۔ ایشز کے ناکام مہم کے بعد ریٹائرمنٹ اور چوٹوں کی وجہ سے آسٹریلیائی ٹیم میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں اور ٹیم کو دوبارہ سے مستحکم کرنے کے لئے نئے کھلاڑیوں کو کافی وقت دینا چاہئے ۔واٹسن نے کہا یہ سب ہمارے ملک کے بہترین نوجوان کھلاڑی ہیں اور انہیں صحیح وقت پر موقع ملا ہے ۔ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں ہم آہنگی قائم کرنے میں کچھ وقت تو لگے گا ہی، اس وجہ سے سلیکٹروں کو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔ دو سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کر رہے عثمان خواجہ نے اپنی قابلیت سے جگہ بنائی ہے ۔ اس وجہ سے انہیں جگہ بنانے کے لئے موقع تو دینا ہی چاہیے ۔نوجوان کپتان اسٹیون اسمتھ کی قیادت والی آسٹریلیائی ٹیم کو ریٹائرمنٹ لے چکے واٹسن، سابق کپتان مائیکل کلارک، ریان ہیرس، کرس راجرس، بریڈ ہیڈن کی بنگلہ دیش کے دورے میں کمی محسوس ہوگی۔ ان کے علاوہ مشل جانسن اور جوش ہیزل وڈ کو بھی آرام دیا گیا ہے جبکہ ڈیوڈ وارنر انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ ٹیم سے باہر ہیں۔