نئی دہلی، 28 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اعلی تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) اور متعلقہ فریقوں سے اس سے نپٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کو کہا ہے۔مسٹر سنگھ نے آج یہاں یو جی سی کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی ہمارے لئیباعث تشویش ہے اور آئندہ برسوں میں اعلی تعلیم کی توسیع کا جس طرح کا منصوبہ بنایا گیا ہے، اس کے پیش نظر یہ مسئلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت میں کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو اس مسئلے سے نپٹنے کے لئے جامع اور موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے یونیورسٹیوں میں ریسرچ کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس کے لئے یونیورسٹیوں اور کمیشن کے درمیان تال میل بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یونیورسٹی کے نظام اور صنعت دونوں کو فائدہ ہوگا۔