لاہور۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان سمیت دیگر افسران نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر جگموہن ڈالمیا کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے ۔پی سی بی کے چیئرمین شہریار نے اپنے غم پیغام میں کہا ‘‘ڈالمیا پاکستانی کرکٹ کے سچے دوست تھے اور ان کے انتقال سے ہم نے ایک سچا دوست کھو دیا ہے ۔ میں دعا کرتا ہوں کہ خدا ان کی روح کو سکون دے۔75 سالہ ڈالمیا کا اتوار کو کولکتہ میں انتقال ہو گیا تھا۔ شہریار نے کہا ‘‘میں بی سی سی آئی کے سربراہ کے انتقال سے کافی دکھی ہوں۔ وہ ذاتی طور پر میرے اچھے دوست تھے اور پاکستان کرکٹ کے خیر خواہ بھی تھے ۔ میں انہیں آئی سی سی کا صدر بننے کے وقت سے جانتا ہوں۔پی سی بی چیئرمین نے ڈالمیا کے ساتھ گزارے وقت 2004 کی سیریز اور 2005 میں کولکتہ ٹیسٹ کو یاد کرتے ہوئے کہا ‘‘میں نے اور ڈالمیا نے مشکل حالات میں بھی سال 2004 کی تاریخی سیریز کا انعقاد کرایا جبکہ 2005 کو کولکتہ ٹیسٹ بھولایا نہیں جاسکتا جب سچن تندولکر کے متنازعہ رن آؤٹ ہونے پر 90 ہزار ناظرین اسٹیڈیم میں مشتعل ہوگئے تھے ۔ ڈالمیا نے اس وقت آگے آکر ناظرین کو سمجھایا تھا۔ وہ میچ پاکستان نے جیت لیا لیکن ڈالمیا نے اتنی بھیڑ کو سنبھالا جو قابل تعریف تھا۔شہریار کے علاوہ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور منتظم سبحان احمد نے بھی ڈالمیا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔