لندن: پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کل یہاں کہا کہ کشمیر ہندستان اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے جاری تنازعہ کا اہم مرکز ہے اس لئے اس کے حل کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت شروع ہونی چاہئے ۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس میں شرکت کےلئے نیویارک جاتے وقت لندن میں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہندستان اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے جتنی جلد بات چیت شروع کریں گے ، دونوں ملکوں کے لئے اتنا ہی اچھا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو اس مسئلے پر کارروائی شروع کردینی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہر پلیٹ فارم پر ہونی چاہئے اور اس پر صرف بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر بات چیت کرنے کے بجائے ہندستان اور پاکستان کے درمیان باہمی مذاکرات میں بھی اس مسئلے پر بات چیت ہونی چاہئے ۔