اگر تو آپ تمباکو نوشی کے عادی ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ یہ عادت آپ کو اندھے پن یا بنیائی سے محرومی کا شکار بھی کرسکتی ہے۔
یہ انکشاف امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
وسکنسن میڈیسون یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سیگریٹ نوشی کی عادت کے نتیجے میں بنیائی سے محرومی کا خطرہ 4 گنا بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق سیگریٹ میں موجود زہریلے کیمیکل آنکھوں کی نرم سطح اور اندرونی ساخت کو نقصان پہنچاتے ہیں جس سے اندھے پن کا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ سیگریٹ کے ایک پیکٹ کا استعمال عمر بڑھنے سے متعلق پٹھوں میں آنے والی تنزلی کی رفتار بڑھا دیتا ہے۔
محققین نے انتباہ کیا ہے کہ سیگریٹ نوشی سمیت غیر صحت مند طرز زندگی خطرناک حد تک بنیائی سے محرومی کا خطرہ بڑھا سکتا ہے جسے آسانی سے ٹالا جاسکتا ہے یعنی سیگریٹ سے دوری، زیادہ سے زیادہ پھلوں، سبزیوں اور مچھلی کا استعمال بہترین ثابت ہوتا ہے۔
محققین نے یہ بھی بتایا ہے کہ لوگ چاہے کتنے ہی عرصے سے تمباکو نوشی کیوں نہ کررہے ہو مگر اسے چھوڑ کر بنیائی سے محرومی سمیت دیگر خطرات کو کم کرنے کے فائدے سے وہ کبھی محروم نہیں ہوتے۔