جہاں پاکستانی فلم ’مور‘ کو 88 ویں آسکر ایوارڈ کی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہیں پڑوسی ملک ہندوستان نے بھی دنیائے فلم کے سب سے بڑے ایوارڈز میں نامزدگی کے لیے فلموں کی فہرست تیار کر لی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق آسکر میں نامزدگی کے لیے ہندوستان کی 30 فلموں کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے جس میں تیلگو اور تامل زبان میں بننے والی اب تک کی سب سے مہنگی فلم ’بہوبلی‘ سرِفہرست ہے۔
اس کے علاوہ ’بجرنگی بھائی جان‘، ’پیکو‘، ’حیدر‘ اور’پی کے‘ بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
گزشتہ 2 سال سے آسکر کے لیے ہندوستان کی طرف سے ’لائرز ڈائس‘، اور ’دی گڈ روڈ‘ جیسی فلموں کو کمرشل فلموں پر فوقیت دی گئی تھی۔
فہرست میں اس سال سب سے زیادہ پسند کی گئی تامل فلم ’خترام کدیتھال‘ بھی شامل ہے جب کہ کچھ بنگالی فلمیں بھی ہندوستانی فلمی ماہرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
ہندوستان سے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی فلم کا حتمی فیصلہ بدھ یا جمعرات کو کیا جائے گا۔
88 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 28 فروری کو لاس اینجلس میں منعقد ہوگی۔