ایران کی بری فوج کے سربراہ میجر جنرل عطاللہ صالحی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کے مخاصمانہ اقدام کی صورت میں اسرائیل نابود ہوجائے گا۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ دفاع مقدس کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ بری فوج کے سربراہ میجر جنرل عطااللہ صالحی نے کہا کہ ایران کو اپنے کسی بھی ہمسایہ ملک سے کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن اسرائیل کا کوئی بھی مخاصمانہ قدم اسے نابود کردے گا۔
میجر جنرل عطااللہ صالحی نے کہا: ” اسرائیل ہمارے خلاف کچھ کرکے تو دیکھے تاکہ ہم نے پچیس سال کی جو مہلت مقرر کی ہے اس سے پہلے ہی اس کا کام تمام کردیں اور دنیا کو صیہونیوں[ کے شر] سے اور امریکی عوام کو [اسرائیل کے لئے] ٹیکس کی ادائیگی سے نجات دلائیں۔”
ایران کی بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں ایران کے خلاف کوئی آپشن کسی میز پر دکھائی نہیں دے رہا ہے اور جو کچھ ہمارے دشمن پروپیگنڈا کر رہے وہ صرف “گیدڑ بھپکیاں” ہیں۔
ایران کی بری فوج کے سربراہ نے مزید کہا کہ عالمی سامراجی طاقتیں ہر ممکن طریقے سے خطے کے ماحول کو خراب کرنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سامراج اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے، دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے بعض ملکوں کو اتحاد بنانے کی ترغیب دلا رہا ہے۔