پاکستانی ٹیکنالوجی ماہرین نے شمسی توانائی سے چلنے والا پورٹ ایبل (آسانی کیساتھ منتقل کیاجانے والا)موبائل فون نیٹ ورک تیار کرلیا۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک یونیورسٹی کے ٹیکنالوجی ماہرین نے آسانی کے ساتھ منتقل کیاجانے والا موبائل نیٹ ورک تیار کیاہے۔یہ موبائل نیٹ ورک شمسی توانائی سے چلے گا اور ہنگامی حالات میں پیغام رسانی میں مددگار ہوگا۔شمسی توانائی سے چلنے والا اور پورٹ ایبل موبائل فون نیٹ ورک لاہور کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کی ا یک ٹیم نے تیارکیاہے۔
اساتذہ اور طلبہ پر مشتمل اس ٹیم کو کیلی فورنیا یونیورسٹی کے ماہرین کی ٹیم کی معاونت حاصل رہی۔اس موبائل فون نیٹ ورک کو ‘ریسکیو بیس ‘اسٹیشن یا آر بی ایس کا نام دیاگیاہے۔یہ ٹیلی کام سسٹم پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا کامیاب تجربہ ہے اور یہ عام موبائل فون کیساتھ بھی پیغام رسانی کی سہولت فراہم کرتاہے۔ریسکیو بیس اسٹیشن ایک ہلکا پھلکا صندوق ہے اور اس پر پیغام رسانی کے لیے ایک انٹینا نصب ہے۔صندوق کے اندر سگنل وصول اور چھوڑنے والا ایمپلی فائر اورایک بیٹری نصب ہے۔اس کا پیغام تین کلو میٹر کے دائرے میں وصول کیاجاسکے گا۔اس کے اندر نصب بیٹری شمسی توانائی سے اپنی چارجنگ مکمل کرتی ہے اور اس طرح یہ بجلی کے بغیر بھی اپنے پیغامات کی ترسیل کا عمل ہروقت جاری رکھ سکے گا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے ایک ریسرچر ابراہیم غزنوی کا کہناہے کہ اس سسٹم کے ذریعے موسم کے حالات اور کسی طوفان کی پیشگی اطلاع بھی دی جاسکتی ہے۔ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق ریڈیو بیس اسٹیشن کے ساتھ وابستہ ٹیمیں آفت زدہ علاقوں میں ضروری ڈیٹا اکٹھا کرکے امدادی ، ٹیموں ڈاکٹروں اور حکومتی اداروں کو روانہ کرکے بروقت امداد حاصل کرسکیں گی۔