علی نے اپنے بکرے کی قیمت 64 لاکھ روپے رکھی ہے
دنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی عید الاضحیٰ کی تیاریاں عروج پر ہیں اور مویشیوں کی منڈیاں سج گئی ہیں۔
بھارت کے دارالحکومت دہلی کے پرانی دہلی علاقے میں بکروں کا بازار لگا ہوا ہے۔ یہاں بکروں کی قیمت پانچ ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے۔
جن بکروں کا وزن زیادہ ہے یا ان پر مذہبی نشان بنے ہوئے ہیں، ان کی قیمت ہزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں میں لگائی جا رہی ہے۔
پرانی دہلی کے کبوتر بازار میں علی اپنے بکرے کے ساتھ آئے ہیں جس کی قیمت انھوں نے 64 لاکھ روپے رکھی ہے یعنی ایک کروڑ پاکستانی روپے سے زیادہ۔
علی کا کہنا ہے کہ بکرے کو وہ کھانے میں چنا اور کشمش کھلاتے ہیں اور دودھ پلاتے ہیں
بکرے کے بارے میں علی کہتے ہیں کہ ان کے بکرے کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر ’اللہ ہو‘ اور ’786‘ کا نشان بنا ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ بکرے کو سال بھر سے ہی تیار کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ اس بکرے کو وہ کھانے میں چنا اور کشمش کھلاتے ہیں اور دودھ پلاتے ہیں۔
ریاست خان نے اپنی بھیڑ کی قیمت ایک لاکھ روپے لگائی ہے
بکرے تو بکرے یہاں بھیڑ بھی لاکھ میں فروخت ہو رہی ہیں۔ ریاست خان نے اپنی بھیڑ کی قیمت ایک لاکھ روپے رکھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس بھیڑ کی غذا پر روزانہ 250 روپے تک خرچ کرتے ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ اس بھیڑ پر چاند تارا بنا ہوا ہے۔