اگر تو آپ موٹا نہیں ہونا چاہتے تو آلو، مٹر اور میٹھی مکئی جیسی سبزیوں سے دور رہنے کو ہی ترجیح دیں۔
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
ہاورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق کے مطابق آلو ان سبزیوں میں سے ایک ہے جو موٹاپے کا باعث بنتی ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیٹس سے بھرپور سبزی ہوتی ہے جو کمر کو بڑھانے کا باعث بنتی ہے جبکہ دیگر سبزیوں میں مٹر اور میٹھی مکئی شامل ہے۔
تاہم تحقیق کے مطابق بلیو بیریز، آلوچے اور گوبھی کا زیادہ استعمال جسمانی وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران ایک لاکھ سے زائد مرد و خواتین کی غذائی عادات کا 24 سال تک جائزہ لیا گیا اور ان سے ہر 4 سال بعد ایک سوالنامہ بھروایا گیا۔
اس دورانیے میں ان کا وزن بھی باقاعدگی سے کیا گیا اور اختتام پر معلوم ہوا کہ سبزیوں کے مقابلے میں پھل جسمانی وزن کو معمول پر رکھنے کے لیے زیادہ بہتر ہوتے ہیں۔
بلیوبیری چربی گھلانے والا سب سے بہترین پھل ہے جبکہ آلوچہ، سیب، امرود، اسٹروبیری اور انگور وغیرہ بھی اس حوالے سے زبردست انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔
اسی طرح سبزیوں میں گوبھی جسمانی وزن کو کم کرنے کے حوالے سے سب سے اوپر رہی۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آلو، متر اور میٹھی مکئی موٹاپے کا باعث بننے والی سبزیاں ثابت ہوئیں اور صرف تلے ہوئے نہیں بلکہ ابلے اور بھرتہ بنے آلو بھی موٹاپے کا باعث بنتے ہیں۔
یہ تحقیق طبی جریدے پلوس میڈیسین میں شائع ہوئی۔