لکھنؤ۔ سرد ہواؤں کے باوجود آج چڑیا گھر میں کافی تعداد میں لوگ بچوں کے ساتھ آئے جن کی اچھل کود سے یہاں کی رونق بڑھ گئی۔ صبح چڑیا گھر کا دروازہ کھلتے ہی لوگوںکی آمد شروع ہو گئی اور دھیرے دھیرے دوپہر تک یہاں کافی تعداد میں لوگ آگئے۔ اطفال ٹرین نہ ہونے کی وجہ سے بچے یہاں پارک میں کھیلتے اور جھولتے ہوئے دکھائی دیئے۔ بچوں نے یہاں طرح طرح کے کھیل بھی کھیلے جن سے یہاں کی رونق میں اضافہ ہوا۔ گجرات سے آئے ببر شیروں کو دیکھنے کیلئے کافی تعداد میں لوگ اس کے باڑے کے پاس پہنچے لیکن ان کو مقصد میں کامیابی نہیں ملی حالانکہ دوسرے شیر اور چیتے انہوں نے ضرور دیکھے۔ دھوپ کی تمازت میں کمی اور سرد ہواؤں کے باوجود شیر اور چیتے اپنے باڑوں کے باہر دہاڑتے رہے۔ دوسری طرف چمپازی اور ہکو بندر کے باڑوں کے سامنے بھی لوگوں کی بھیڑ جمع رہی، خاص طور سے بچوں نے خوب اٹھکیلیاں کیں۔ ہکو بندر اپنی آواز سے لوگوں کو اپنی طرف راغب کرتا رہا۔