خطیب نماز جمعه تہران نے آل سعود کی حکومت کو مکہ مکرمہ کے المناک سانحے کا ذمےدار قرار دیا ہے۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ محمد امامی کاشانی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے سانحہ مکہ مکرمہ اور اس سانحے میں بہت زیادہ حجاج کے مارے جانے کا سبب آل سعود کی بدانتظامی کو قرار دیا ہے۔
آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ مکہ مکرمہ اور حج کے سلسلے میں آل سعود کی نالائق انتظامیہ اسلامی دنیا کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے ملت اسلامیہ کو اس المناک سانحے کی تعزیت پیش کرتے ہوئے اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی حکام پر مقدمہ چلانے کے لئے بین الاقوامی عدالت کی جانب رجوع کریں۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے حج کا انتظام اسلامی تعاون تنظیم کے سپرد کئے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو حج کے انتظامات کے سلسلے میں صاحب الرائے ہونا چاہئے۔
آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے آل سعود کی جانب سے خطے میں داعش سمیت دہشت گرد گروہوں کی ٹریننگ اور حمایت کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ آل سعود کی حکومت یمن پر حملے اور اس ملک کے بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے درپے ہے۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے ملت ایران کے دفاع مقدس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں ملت ایران کی ثابت قدمی اور قربانیاں اسلامی جمہوریہ کی عظمت کا باعث بنی ہیں۔