برلن: فارمولا ون کے سات بارعالمی چیمپیئن رہنے والے مائیکل شوماکر اسکی انگ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر کومے میں چلے گئے۔ فارمولا ون ٹریک پر شان سے کار دوڑانے والے44 سالہ مائیکل شوما کر اسپتال کے بستر پر اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
وہ فرانس میں ایک ریزورٹ پر اسکی انگ کے دوران گر کر زخمی ہوئے اور ان کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ حادثے کے بعد انھیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں تشویشناک حالت کے پیش نظر انھیں دوسرے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مائیکل شو ماکر کے ترجمان کے مطابق 44 سالہ کھلاڑی اسپتال منتقل کرنے دوران ہوش میں تھے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مائیکل شوماکر کومے میں ہیں اور ان کی سرجری کی جائے گی۔ گرینوبل میں ہسپتال کے ڈاکٹرز کے ایک بیان کے مطابق کو شوماکر کو جب ہسپتال لایا گیا تو وہ کومے میں تھے اور فوری طور پر نیوروسرجنز کے آپریشن کی ضرورت تھی۔ فرانس کے ایک بہترین ڈاکٹر کو ہسپتال میں بلایا گیا ہے۔ شوماکر کا ہسپتال میں طبی معائنہ کیا جا رہا ہے اور وہاں ان کی اہلیہ اور تین بچے بھی موجود ہیں۔ شوماکر کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ’ آپ اس بات کو سمجھیں کہ ہم شوماکر کی صحت کے بارے میں مسلسل آگاہ نہیں کر سکتے ہیں۔
تفریحی مقام میربیل کے ڈائریکٹر کرسٹوفر جرنگنون کے مطابق حادثے میں شوماکر’ہل گئے تھے لیکن ہوش میں رہے۔ ریڈیو مونٹی کارلو سپورٹس سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ’ شوماکر نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور ان کا سر ایک چٹان سے ٹکرایا۔حادثے کے بعد سکیئنگ کی نگرانی کرنے والے دو کارکنوں نے انھیں طبی امداد فراہم کی اور بعد میں انھیں قریبی ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کیا۔شوماکر نے سال 2006 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم سال 2010 میں مرسیڈیز گاڑی کے ساتھ فارمولا ریس میں واپسی ہوئی اور تین سیزن میں صرف ایک بار پوڈیم پر پہنچ سکے اور سال 2012 میں دوبارہ ریٹائر ہو گئے۔