نیویارک: ہندوستان نے کنٹرول لائن پر دیوار بنائے جانے کے پاکستان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اس کا نوٹس لئے جانے پر باقاعدہ ردعمل بھی درج کرایا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا “ہم ان کے مراسلوں سے واقف ہیں۔ ایک خط 4 ستمبر کا ہے جس میں دوطرفہ بات چیت نہ ہونے کی بات کہی گئی ہے جبکہ پاکستانی رینجروں اور ہماری بی ایس ایف کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں اس لئے یہ الزام غلط ہیں”۔مسٹر سوروپ نے کہا “دوسرا خط 9 ستمبر کا ہے جو جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کے سربراہ صلاح الدین کی درخواست پر مبنی ہے ۔
ہم اسے عالمی دہشت گردی مانتے ہیں اور ہم صحیح موقع پر اس کا جواب بھی دیں گے ”۔قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ملیحہ لودھی نے اپنے مراسلے میں سرحد پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات کا الزام لگایا ہے ۔ محترمہ لودی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کوئی بھی فریق کنٹرول لائن کی موجودہ حالت میں تبدیلی یا کسی طرح کی چھیڑچھاڑ نہیں کرسکتا۔