نئی دہلی: حج کے دوران منیٰ میں ہوئی بھگڈر میں مرنے والوں کی تعداد 719 افراد پر پہنچ گئی ہے جس میں 18 ہندوستانی شامل ہیں۔ان کے علاوہ کم از کم 13 ہندوستانی زخمی بھی ہیں۔ یہ پچھلے 25 سال کے دران سعودی عرب میں حج کے دوران ہونے والا بدترین حادثہ ہے ۔امور خارجہ کی وزارت کی طرف سے پریس کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ میں ہمارے افسران خبریں حاصل کرنے اور لاپتہ حاجیوں کے کنبوں سے ملنے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق اس المیہ میں 18 ہندوستانی جاں بحق ہوئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہمارا مشن سعودی حکام اور کنبہ کے لوگوں سے برابر رابطہ میں ہے تاکہ مرنے والوں کی شناخت کی تصدیق ہوسکے اور ان کی تجہیز و تکفین کی کارروائی جلد از جلدکی جاسکے ”۔ ہندوستانی حج مشن کے مطابق مرنے والے 18 ہندوستانیوں میں سے 9 کا تعلق گجرات سے ہے ’۔