لکھنؤ(نامہ نگار)حضرت گنج چوراہے پر اتوار کو چیکنگ کے دوران پولیس کواس وقت پریشانی سے دوچار ہونا پڑا جب گاڑی روکے جانے پر ایک خاتون نے پولیس کو ہی رعب میں لے لیاوہ نہ صرف پولیس سے الجھ گئی بلکہ اس نے پولیس کو خوب برا بھلا کہا۔ ایکس یو وی کار سے اتری خاتون نے سی او حضرت گنج دنیش یادو سے کہا کہ تمہاری ہمت کہ تم میری گاڑی روکو ؟ اور پھر دھمکی آمیز لہجہ میں کہا کہ ابھی ڈی جی ویجلنس اے ایل بنرجی سے بات کراتی ہوں۔ اتنا سنتے ہی وہاں پر موجود پولیس اہلکار سکتے میں آگئے۔ کسی کی مجال نہ ہوئی کہ اس خاتون کی کار کی فلم اتار سکے۔ تبھی وہاں پر موجودایک اخبار کا فوٹوگرافر ریکارڈنگ کر رہا تھا خاتون نے جب اسے ریکارڈ کرتے دیکھا تو اس کے کیمرے پر ہاتھ مار دیا۔ اس بات پر وہاں موجود میڈیا اہلکاروں کی اس خاتون سے کہا سنی ہو نے لگی۔ میڈیا اہلکاروں نے خاتون کو ٹھیک سے سبق سکھایا ایسا ہوتے دیکھ کر پولیس کی بھی ہمت بڑھی اور پھر اس خاتون کی کار کے شیشوں پر لگی کالی فلم اتار کر چالان کیا گیا۔ یہ تماشہ تقریباً نصف گھنٹے تک چلتا رہا۔ خاتون کے چلانے کی آواز سنکر چوراہے پر راہگیرون کا ہجوم جمع ہو گیا حضرت گنج چوراہے کے علاوہ پالیٹکنک، گومتی نگر، مہا نگر، علی گنج، غازی پور اور ڈالی گنج چوراہے پر چیکنگ مہم چلائی گئی اس مہم میں ۲۰۲ کاروں کے شیشوں پر سے کالی فلم اتاری گئی۔ ۳۵ کاروں پر سے لال بتی ہٹائی گئی کل ۱۰۷ چالان کئے گئے اور ۱۴ہزار ۵۵۰ روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔