نئی دہلی: سعودی عرب میں 24 ستمبر کو رمی جمرات کے دوران بھگدڑ کے درران جاں بحق ہونے والے حاجیوں میں آج ہندوستان کے مزید 10 حاجیوں کی موت کے ساتھ ہی شہید ہونے والے ہندوستانی حاجیوں کی تعداد بڑھ کر 45 ہوگئی ہے ۔ جب کہ 50 دیگر حاجیوں کے مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے ۔جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آج جاں بحق ہوجانے والے حاجیوں میں مغربی بنگال کے تین ، کیرالہ اور جھارکھنڈ کے دو دو جب کہ تمل ناڈو اور مہاراشٹر کا ایک ایک حاجی شامل ہیں ۔ محمد رضوان نامی ایک حاجی سعودی عرب میں مقیم تھے ۔قونصل جنرل کی طرف سے جاری فہرست کے مطابق آج جن حاجیوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے ان کے نام ہیں ۔فردوسی بیگم (مغربی بنگال) ، عبدالعزیز (مغربی بنگال )، عبداکریم (مغربی بنگال) ، نورالحق (جھارکھنڈ)، سخاوت میاں (جھارکھنڈ)، ابوبکر کنیانکنڈیال ( کیرالہ) سیدعلی صادق (کیرالہ) ، شمیم انسا قدیر احمد (تمل ناڈو) ، شیخ نثار احمد عبدالرحمان (مہاراشٹر)۔