لکھن: اترپردیش کی سابق وزیراعلی اور بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کی صدر مایاوتی سے قومی رورل ہیلتھ مشن (این آر ایچ ایم) میں کروڑوں روپے کے گھپلہ کے سلسلہ میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی پوچھ گچھ کی قیاس آرائیوں کو بی ایس پی اسمبلی انتخابات میں اہم موضوع بنائے گی۔بی ایس پی کے ایک سینئر لیڈر کے مطابق بہار اسمبلی انتخابات کے بعد اترپردیش میں بھی الیکشن ہوں گے اس لئے پارٹی اس پر جارحانہ موقف اختیار کرے گی۔اس سلسلہ میں محترمہ مایاوتی کی اپیل اترپردیش اور بہار کے تمام اسمبلی حلقوں میں تقسیم کی جائے گی۔ یہ اپیل ای میل اور وہاٹس ایپ پر بھی بھیجی جائے گی۔دس ہزار سے زائد پرچوں میں چھپنے والی اس اپیل کے ذریعہ محترمہ مایاوتی اپنی بات کارکنوں اور عوام کے درمیان رکھیں گی۔بی ایس پی کے ذرائع کے مطابق اپیل میں وہ یہ بتائیں گی کہ این آر ایچ ایم گھپلہ سے ان کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے ۔ سیاسی سازش کے تحت اس معاملے میں ان کا نام لیا جارہا ہے ۔خیال رہے کہ بی ایس پی صدر کئی بار کہہ چکی ہیں کہ مرکزی حکومت سی بی آئی کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔