یمن میں اب تک دو ہزار شہری ہلاک ہو چکے ہیں
یمن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شادی کی ایک تقریب پر ہونے والے فضائی حملے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے یہ حملہ جنوب مغربی ساحلی شہر المخا کے قریب وحیجا نامی گاؤں میں کیا گیا ہے۔
یمن کی بھولی ہوئی جنگ
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کم از کم آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق حکومت کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ’غلطی سے کیا گیا۔‘
یمن میں رواں برس کے آغاز پر حوثی باغیوں کے ملک کے ایک بڑے حصے پر قبضے کے بعد مارچ سے سعودی عرب کی کمان میں اتحادیوں کی حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں مارچ سے شروع ہونے والی فوجی کارروائیوں میں ساڑھے چار ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے کم از کم 21 سو عام شہری ہیں۔
گذشتہ ہفتے ہی یمن کے صدر عبدالربوہ ہادی منصور سعودی عرب سے جلاوطنی ختم کر کے واپس عدن پہنچے تھے۔
وہ رواں برس مارچ میں حوثی باغیوں کی پیش قدمی کے بعد ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے۔