برطانوی گلوکار سیم سمتھ کا گیت ’رائیٹنگز آن دی وال‘ معروف امریکی فلم سیریز بونڈ کا پہلا گانا ہوگا جو میوزک چارٹ میں پہلے نمبر پر آکر تاریخ رقم کرے گا۔
رواں ہفتے کے ابتدائی دنوں میں جاری ہونے والا سیم سمتھ کا بونڈ تھیم گیت مدمقابل جسٹن بِیبر کے گانے ’واٹ ڈو یو میِن؟‘ سے دگنی تعداد میں فروخت ہوا ہے۔
گذشتہ ہفتے جب سیم سمتھ کا یہ گیت جاری کیا گیا تھا تو اس کے لیے ’خوبصورت‘ اور ’دھیما‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔
بونڈ سیریز کے 23 میں سے صرف دو گانے ایسے تھے جو دوسرے نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ان میں اڈیل کا ’سکائی فال‘ اور ڈیورین ڈیورین کا ’آ ویو ٹو کِل‘ شامل ہیں۔
سنہ 1964 میں جیمز بونڈ کی فلم تھنڈر بال کے لیے گیت بنانے والے ٹام جونز کے بعد سیم سمتھ پہلے برطانوی مرد گلوکار ہیں جن کا انتخاب بونڈ تھیم گیت کے لیے کیا گیا ہے۔
دو اکتوبر کو جاری ہونے والے میوزک کے آفیشل چارٹ میں پہلے نمبر پر اپنا نام دیکھنا سمتھ کے لیے حیران کن ہوسکتا ہے۔
گذشتہ ہفتے بی بی سی ریڈیو ون کے نِک گرِمشو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ میری بات سمجھیں تو میرا نہیں خیال کہ جمعہ کو یہ پہلے نمبر پر ہوگا۔ کون جانے، لیکن میں نہیں سمجھتا کہ یہ باالکل بھی (پہلے نمبر پر آئے گا)۔ اور میں اس بات کا انتظار بھی نہیں کروں گا۔‘
سیم سمتھ کے بونڈ تھیم کے لیے دُھن بنانے والے جمی نیپس کے ساتھ پروڈکشن کی سہولیات مہیا کرنے والے ڈِسکلوژر کے دونوں موسیقار رواں ہفتے کے آخری دنوں میں اپنا دوسرا سٹوڈیو البم جاری کرنے والے ہیں۔