پرتھوی تنظیم کے ذریعہ گرا گھاٹ کے عہدیداروں نے نکالی بیداری ریلی
شاہجہانپور: ضلع کی ندیاں تبھی آلودگی سے پاک ہوں گی جب ضلع کے باشندے پالی تھین کا استعمال بند کریں گے۔ اس اپیل کا اثر گرا گھاٹ پر دکھا۔ ہائی کورٹ کے حکم کے تحت ماحولیات تحفظ اور عوامی مفادات کے تئیں پرتھوی تنظیم کے عہدیدار بیداری کو ذریعہ بناکر آگے آئے توضلع کے باشندے بھی متحد ہو گئے۔ طلبائ، بچے، ضعیف اور دانشوروں نے درا گھاٹ پر جمع ہوکر پالی تھین کا استعمال نہ کرنے کا اجتماعی طور پر عہد لیا۔اس کے بعد دراپل پر سبزی فروشوں کو پالی تھین کے استعمال کے برے نتائج سے روشناس کرایا ساتھ ہی پالی تھین کا استعمال بند کرنے کا عہد دلایا۔ تنظیم کے اراکین نے عزیز گنج سے درا گھاٹ تک پالی تھین مخالف ریلی نکالی۔ پروگرام کے تحت درا گھاٹ اور اس کے آس پاس صفائی کی گئی اور پالی تھین کو وہاں سے اکٹھا کر کے ہٹایا گیا۔ تنظیم کی جانب سے نگرپالیکا انتظامیہ کے ذریعہ گھاٹ کے نزدیک ایک بڑے کوڑے دان کو رکھے جانے کا بلاتاخیر بندوبست کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ پالی تھین اور دیگر گندگی کو براہ راست ندی میں جانے سے روکا جا سکے۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پرتھوی تنظیم کے صدر ڈاکٹر آلوک کمار سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم اپنی ثقافت کو بھولتے جا رہے ہیں۔ ندیوں کی اہمیت کو ہم فراموش کر گئے ہیں۔ اسلئے وقت رہتے بیدار ہونے کی ضرور ت ہے ورنہ کبھی بھی سنگین نتائج کیلئے تیار رہیں۔ تنظیم کے سکریٹری ڈاکٹر انل کمار نے طلباءکو بیدار کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ندیوں کو گندہ کر دیا ہے اور درخت کاٹ ڈالے ہیں جس سے ماحولیات آلودہ ہو گیا ہے، نوجوان بری عادتوں سے بچیں اور اچھی عادتوں سے نئی اونچائیوں کو چھو لیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر راج کمل رستوگی اور ڈاکٹر سمت کمار نے پالی تھین کو جلانے سے پیدا ہونے والی زہریلی کیمیکل گیس اور ان کے ذریعہ ماحولیات اور انسانی زندگی پر پڑنے والے موزی اثرات سے روشناس کرایا۔ پروگرام میں ششانک گپتا، ڈاکٹر ہریش چندر شرما، سدھاکر گپتا، چندر بھان ترپاٹھی، پوجا پاٹھک، سواتی ورما چھایا شرما وغےرہ موجود تھے۔