کراچی: دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش ویمن ٹیم کو 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کراچی کے ساتھ لینڈ کلب کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ پاکستانی ویمن ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر مرینہ اقبال پہلے ہی اوور میں 1 رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئیں تاہم جویریہ خان اور بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز جوڑے، جویریہ خان 44 رنز بنا کر ناہیدہ اختر کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوئیں، ندا ڈار اور ارم جاوید بھی محض 4،4 رنز بنا سکیں تاہم بسمہ معروف نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان ویمن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔ بسمہ معروف نے 65 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر نے 2 جبکہ جہاں آرا عالم اور فہیمہ خاتون نے 1،1 کھلاڑی آؤٹ کیا۔ 125 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش ویمن نے تیز آغاز کیا تاہم وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں نے مہمان ٹیم کے جیت کے جانب سفر کی امیدیں ختم کر دیں اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر محض 95 رنز بنا سکی۔ بنگلہ دیش ویمن کی جانب سے فرگانہ حق اور عائشہ رحمن 23، 23 جبکہ رومانہ احمد 22 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں ۔ پاکستان ویمن کی جانب سے انعم امین نے 2 جبکہ سمیہ صدیقی، ثنا میر، بسمہ معروف، ندا ڈا ر اور عالیہ ریاض نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بسمہ معروف کو آل راؤنڈ کاکردگی کا مظاہرہ کر نے پر میچ کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کل اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔