دبئی :امریکہ اور شام کے اپوزیشن نے شام کے ہومز صوبے میں روس کے کل کے فضائی حملے پر سوال اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ اس حملے میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کو ہدف نہیں بنایا گیا۔ سیریئن نیشنل کولیشن کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 36 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔امریکہ جو داعش کے خلاف اتحادی ممالک کی فضائی حملے کی قیادت کر رہا ہے ، کہا ہے کہ روس نے اس حملے کی پیشگی اطلاع نہیں دی تھی۔ دوسری طرف روس کا کہنا ہے کہ اس نے داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے ۔ناٹو اور شامی اپوزیشن نے کہا ہے کہ روس نے ان حملوں کا ہدف مغربی ممالک کے حمایت یافتہ باغیوں کے ٹھکانوں کو بنایا ہے جس میں ان کے آٹھ ٹھکانے تباہ ہو ئے ہیں۔امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ امریکہ اور روس جلد ہی آپس میں فوجی مذاکرات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات چیت آج سے بھی شروع ہو سکتی ہے ۔امریکہ کے وزیر دفاع ایش کارٹر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ روس نے اپنے حملے میں داعش کی جگہ شام کے باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔