نئی دہلی:کال ڈراپ پر وزیر مواصلات روی شنکر پرساد کے استعفی کا مطالبہ کر رہی کانگریس نے اب نیٹ کی آزادی برقرار رکھنے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کو کارپوریٹ گھرانوں کے ہاتھوں یرغمال بنا کر نہیں رکھا جانا چاہئے ۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے مسٹر پرساد کو ایک خط لکھ کر ان سے درخواست کی ہے کہ انٹرنیٹ کے استعمال کا حق تمام شہریوں کو ہے اور ڈیجیٹل انڈیا کے اصول کے تحت سب کے لئے نیٹ کی آزادی یقینی بنائی جانی چاہئے ۔ ساتھ ہی یہ بھی غور کرنا چاہیے کہ انٹرنیٹ ہر جگہ ہو اور کوئی غیر ملکی کمپنی یرغمال بنا کر اس کا استعمال نہیں کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام نیٹ کی آزادی برقرار رکھتے ہوئے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنا ہے اور اس ذمہ داری سے وہ بچ نہیں سکتی۔حکومت انٹرنیٹ کے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے پابند عہد ہونا چاہئے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان کی تجاویز کو مثبت انداز میں لے گی اور انٹرنیٹ سروس کے اصول پر عمل آوری کرے گی۔ مسٹر پٹیل نے یہ خط 29 ستمبر کو لکھا ہے آج اسے انہوں نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا ہے ۔