نئی دہلی: صد ر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے گاندھی جینتی کے موقع پر ملک وقوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے : “ گاندھی جینتی ایک ایسا مخصوص دن ہے ، جب ہمیں اپنے آپ کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کے عدم تشدد ،امن اور رواداری کے آدرشوں کے تئیں وقف کردینا چاہئے ۔آنجہانی مہاتما گاندھی ایک ایسی غیر معمولی انقلابی شخصیت تھے ،جنہیں آسانی سے فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ آنجہانی پنڈت جواہر لال نہرو نے مہاتما گاندھی کی موت کے سانحے پر کہا تھا کہ یہ وہ روشنی ہم سے رخصت ہورہی ہے جو جانے کے بعد بھی ہزاروں برس بعد بھی ہماری زندگیوں کو منورکرتی رہے گی۔گاندھی جی کے آدرش ہماری اجتماعی زندہ وراثت کی حیثیت رکھتے ہیں ۔دراصل گاندھی جینتی کی تقریب ہماری کثرت ، ہماری اجتماعی ثقافت ،ہماری متعدد زبانوں ، مذاہب ، ہمارے مختلف طرز زندگی کی وحدت کی علامت ہیں۔ یہی وہ نظریہ تھا جس نے ماضی میں عظیم شخصیات کو ہندوستان کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے پر آمادہ کیا ۔جمہوریت کے تئیں ہماری عہد بستگی اسی اجتماعی نظریے سے پیدا ہوئی ہے ۔ مستقبل میں بھی یہ نظریات اور آدرش ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے ۔ہم ان کے لئے مخض اس لئے عہد بستہ نہیں ہیں کہ یہ ہمارے قیمتی ماضی کا سرمایہ ہیں بلکہ اس لئے بھی کہ یہ ہمارے خوشگوار مستقبل کی ضمانت ہیں۔میں آج کے اس مبارک موقع پر ملک کے تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ مہاتما گاندھی کی بیش قیمت تعلیمات سے فہم وخرد حاصل کی جائے اور بابائے قوم کے آدرشوں کو عملی شکل دی جائے ۔خدا کرے کہ بابائے قوم کے خواب، ہمیں درپیش موجودہ چیلنجوں کا سامنا کرنے میں ہماری رہنمائی کریں اور ہمیں اتنی توانائی دیں کہ ہم ایک مضبوط اور خودمختار ہندوستان کو مستحکم کرسکیں۔