نئی فلم ’جذبہ‘ میں مرکزی کردار کرنے والے اداکار عرفان خان ہیں لیکن اسے بنانے والے بولی وڈ فلم ساز سنجے گپتا نے ایشوریا رائے کو فلم کا ہیرو قرار دیا ہے۔
سنجے گپتا نے اس سے قبل مردوں پر مبنی فلم ’کانٹے‘ بنائی تھی اور اس بار انہوں نے اپنی فلم ’جذبہ‘ میں خواتین کو زیادہ اہمیت دی ہے۔
انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے سنجے گپتا کا کہنا تھا کہ انہوں نے بولی وڈ کے متعدد مضبوط اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے جس میں سنجے دت، جان ابراہم شامل ہیں لیکن اداکارہ ایشوریا رائے بھی کسی ہیرو سے کم نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایشوریا رائے کے ساتھ فلم کے سیٹ پر کام کرنا نہایت آسان ہے۔
ان کے مطابق ایشوریا رائے اصولوں پر عمل کرنے والی اداکارہ ہیں۔
فلم ’جذبہ’ میں اداکارہ ایشوریا رائے نے ایک وکیل کا کردار ادا کیا ہے جس کی بیٹی کو اغوا کرلیا جاتا ہے جس کے بعد اداکار عرفان خان ان کی مدد کرتے ہیں۔
اداکارہ ایشوریا رائے فلم ’جذبہ‘ میں 5 سال کے وقفے کے بعد اداکاری کریں گی۔