گورکھپور:پاسپورٹ اگر آپ کو پاسپورٹ بنوانا ہے تو اب طویل انتظار نہیں کرنا ہوگا۔ اب درخواست کے بعد نہ تو اپوائنمنٹ کےلئے دلالوںکے چکر لگانے پڑینگے اور نہ ہی دستاویزوں کی جانچ کے لئے مہینوں انتظار کرناپڑے گا۔ درخواست دینے کے ایک ہفتہ کے اندر ہی تاریخ مل جائے گی۔ او ر اس کے بعد پولیس کی جانچ وغیرہ کے بعد تقریباً ۲۰ سے ۲۵ دن میں پاسپورٹ بھی مل جائے گا۔ تقریباً ۵ برس پہلے آن لائن پاسپورٹ درخواست کی سہولیات شروع ہونے کے بعد گورکھپور کے شاہ پور میں پاسپورٹ خدمات مرکز کھولاگیا۔ تبھی سے درخواست کے بعد دستاویزوں کی جانچ کےلئے ملنے والی تاریخ کےلئے دو سے تین ماہ کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اسے کم کرنے کےلئے وزارت خارجہ نے روزآنہ جاری ہونے والے اپوائنمنٹ نمبروں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا۔ باوجود اس کے بہت زیادہ راحت نہیں ملی ۔ بھیڑ کم کرنے کے لئے ہی کچھ ماہ قبل ریاست کے کسی بھی پاس پورٹ دفتر سے اپوائنمنٹ لینے کی چھوٹ دے دی گئی اور اب روزآنہ جاری ہونے والے اپوائنمنٹ کی تعداد بڑھا کر گیارہ سو کر دی گئی ہے۔ جس سے کافی راحت ہو گئی ہے۔
پاسپورٹ خدمات مرکز سے ملی اطلاع کے مطابق آئندہ ہفتہ سے مزید راحت ملے گی۔ اور درخواست کے تین چار دن کے اندر ہی تاریخ بھی مل جائے گی۔ پاسپورٹ بنوانے میں سب سے زیادہ دقت اپوائنمنٹ حاصل کرنے میں ہی ہوتی تھی ۔ طے شدہ وقت شام سات بجے ویب سائٹ ہی نہیں کھلتی اور دو تین منٹ بعد جب تک کھلتی تب تک متعلقہ دن کا کوٹہ فل ہو جاتا ۔اسی کا فائدہ دلالاٹھاتے تھے اور موٹی رقم لے کر پونہ ،کولکاتا ، بینگلور وغیرہ ایسے شہر جہاں فور جی نیٹ ورک کی سہولت ہوتی وہاں سے اپوائنمنٹ دلاتے تھے۔