لکھنؤ: چک گنجریا میں مجوزہ اسکیموں کو تیزی کے ساتھ پورا کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج یہاں افسران کو ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ اسکیم میں ضروری کارروائیوں کو پوری کرنے کے بعد جلد سے جلد کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو اس کا فائدہ مل سکے۔ چک گنجریا فارم پر مجوزہ اسکیموںکے سلسلہ میں شاستری بھون میں منعقد تقریب میں وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پیشکش دیکھنے کے بعد افسران کو ہدایت دی کہ اعلیٰ سطحی کینسر ادارہ اور میڈی سٹی کے ساتھ ساتھ آئی ٹی ہب ، ٹرپل آئی ٹی کیمپس اور ڈیری پروجیکٹ وغیرہ کے ساتھ ہی پورے علاقہ کی سرسبزی و شادابی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پروگرام میں مشیر حکومت اترپردیش مدھور جیٹلی ، چیف سکریٹری جاوید عثمانی، پرنسپل سکریٹری راکیش گرگ، پرنسپل سکریڑی رہائش سدا کانت، وزیر اعلیٰ کی سکریٹری انیتا سنگھ، سمبھو سنگھ یادو، امود کمار، سکریٹری برائے رہائش راجیو اگروال اور پندھاری یادوکے ساتھ ہی دیگر افسران موجود رہے۔