لکھنو: ملک سے ٹول پلازا ہٹانے کے مطالبہ کے سلسلہ میں پوری ریاست میں جمعرات کو ٹرکوں کے پہیے تھم گئے۔ تقریباً ڈیڑھ لاکھ سے زائد ٹرک مالکان نے ہڑتال میں شامل ہوکر وزارت ٹرانسپورٹ کی نیند حرام کر دی۔ راجدھانی میں ٹرانسپورٹ نگر میں تقریباً ساڑھے چار ہزار ٹرک ہڑتال میں کھڑے دکھے۔ طے شدہ ہڑتال کے سبب راجدھانی میں رسوئی گیس، کھانے پینے کی اشیائ، پھل، سبزیاں، ریڈی میڈ سیمنٹ، سریا، کوئلہ، ڈیزل، پٹرول وغےرہ کاروبار سے جڑے تاجروںکواپنا مال ملنے میں تمام قسم کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یو پی کے ٹرک آپریٹر اینڈ ٹرانسپورٹرس ایسوسی ایشن یعنی ٹوٹا کے ریاستی صدر ارون اوستھی نے کہاکہ حکومت کو وعدہ خلافی مہنگی پڑے گی۔
حکومت نے پہلے ٹول پلازا ختم کرنے کیلئے وعدہ کیا تھا لیکن اب وہ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ رہی ہے اس کی پُر زور مخالفت کی جائے گی۔ ملک بھر کے ٹرانسپورٹر اور ٹرک آپریٹروں نے ٹول پلازا ٹیکس ختم کرنے کے اپنے اہم مطالبہ کے سلسلہ میں جمعرات کی علی الصبح چھ بجے سے ہی غےر معینہ مدت کی ہڑتال پر چلے گئے۔ ٹرک مالک اور ڈرائیوروں سے لیکر ٹرانسپورٹر تک سبھی اہم قومی شاہراہوںپر بنے ٹول پلازا کو ہر حال میں ہٹانے کے مطالبہ پر بضد ہیں اس کے علاوہ یہ لوگ ٹرانسپورٹ بزنس پر ٹی ڈی ایس تخفیف کو بھی ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹروں کی ملک گیر ہڑتال کا اثر لکھنو¿ سمیت اترپردیش کے بھی مختلف قومی شاہراہوں پر دیکھنے کو ملا۔
راجدھانی لکھنو¿ کی اہم سڑکوں اناو¿، بارہ بنکی، اٹونجہ، گورکھپور اور رائے بریلی پر بنے ٹول پلازا پر جمعرات کی صبح سے ٹرک جابجا کھڑے رہے۔ اس ملک گیر ہڑتال میں یو پی کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ آپریٹر بھی شامل ہیں تو وہیں راجدھانی میں بھی تقریباً ساڑھے چار ہزار ٹرک ڈرائیوروں نے چکا جام کر دیا۔ ٹرانسپورٹ نگر علاقہ میں ٹرکوں کی طویل قطار لگی ہوئی ہے۔ نتیجتاً تمام ضروری اشیاءکے کاروباروں سے جڑے تاجروں کواپنا مال ملنے میں دقتوں کا سامنا کرناپڑا۔ یو پی کے ٹرک آپریٹر اینڈ ٹرانسپورٹرس ایسوسی ایشن یعنی ٹوٹا کے ریاستی صدر ارون اوستھی کے مطابق ابھی تک محض اتنے گھنٹہ کی ہڑتال کے سبب ریاست بھر کے قومی شاہراہوں پر ٹرکوں کی آمد و رفت نہیں ہو سکی ہے اس کی وجہ سے ٹول ٹیکس پلازا اور سینٹر سنسان پڑ گئے ہیں۔ وہیں راجدھانی لکھنو¿ میںباہر سے آنے جانے والی ڈیلیوری اور بکنگ کئے جانے والے ٹرک کے پہیے رکنے کی وجہ سے مال کی نہ تو لوڈنگ ہوسکی ہے اور نہ ہی ڈیلیوری ایسے میں لاکھوں کا مال جہاں تہاں رک گیا ہے۔
گڈس ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر وجے چھابڑا نے کہا کہ تین اکتوبر کو ٹرانسپورٹ نگر میں وزیر ٹرانسپورٹ کا پتلا نذر آتش کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹرک ڈرائےوروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ لڑائی کیلئے تیار ہیں۔ وجے چھابڑا نے ٹرک مالکان کو نصیحت بھی دی کہ اگر وہ اس موقع پر ایک ساتھ ایک منچ پر نہیں آئے تو حکومتیں اسی طرح ان کا استحصال کرتی رہیں گی اس لئے تین اکتوبر کو بڑی تعداد میں پہنچ کر اپنے غصہ کا اظہار ٹرانسپورٹ نگر میں کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ مل کر تاجروں سے تعاون مانگا۔ انہوں نے چارباغ، لاٹوش روڈ، عیش باغ، ناکہ ہنڈولا میں پیدل دورہ کر کے تاجروں سے کہاکہ وہ ٹرانسپورٹروں کا تعاون کریں۔